میکرواکنامک استحکام سے پائیدار ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہیں ، معاشی ترقی کی رفتار بڑھانے کیلئے بہترین اقدامات کر رہے ہیں، پاکستان عظیم ملک بنے گا اور اپنے پائوں پر کھڑا ہوگا:کابینہ اجلاس میں گفتگو
وزیر اعظم سے ایم ڈی آئی ایم ایف کی ملاقات ‘ حکومت ملک کے معاشی استحکام کے لائحہ عمل، موثر کارکردگی اور منصوبہ بندی کی پائیداری کیلئے پر عزم ہے:شہبازشریف کی یقین دہانی
اسلام آباد (آئی این پی )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے بجلی کی قیمتوں پر آئی ایم ایف کے نہ ماننے کا کھٹکا اب نہیں رہا، سربراہ آئی ایم ایف نے کہا ہے منصوبہ بناکر لائیں ہم بات کرنے کے لیے تیار ہیں، میکرواکنامک استحکام سے پائیدار ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہیں ،سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر پاکستان کبھی آنچ نہیں آنے دیگا۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم شہباز شریف نے بدھ کو وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ابوظہبی میں آرمی چیف کے ساتھ یو اے ای کے صدر سے اہم ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات،سرمایہ کاری کے منصوبوں پر بات ہوئی۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ دبئی میں ورلڈ گورنمنٹ سمٹ کے موقع پر سری لنکا،بوسنیا،کویت کی اعلی قیادت سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔وزیراعظم نے کہا کہ دبئی میں پاکستانی سرمایہ کاروں سے ملاقات ہوئی جنہوں نے بڑے دوستانہ ماحول میں مثبت تجاویز دیں اور کہا کہ وزیراعظم کاروبار دوست کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کریں۔شہباز شریف نے کہا کہ میں سرمایہ کاروں کو بتایا کہ پاکستان میکرو اکنامک استحکام حاصل کرچکا ہے اور اب معاشی شرح نمو پر دن رات محنت کرنی ہے، آپ پاکستان آکر ہمیں تجاویز دیں، ہم انہیں غور سے سنیں گے اور عمل پیرا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ دبئی میں ڈی پی ورلڈ کے سی ای او کے ساتھ ملاقات ہوئی، ان کا کراچی سے پپری پروگرام تیار ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے دبئی سمٹ میں غزہ کے حوالے سے پاکستان کے موقف کو بھرپور طور پیش کیا، 50 ہزار فلسطینی شہید کیے جاچکے ہیں، نسل کشی کی اس سے بدترین مثال تاریخ میں نہیں ملتی، اب امید کی جانی چاہیے کہ وہاں امن قائم ہوگا اور بحالی کے بعد انہیں زندگی گزارنے کے مواقع ملیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب کی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے لیے پاکستان نے ہمیشہ عالمی فورمز پر بھرپور بات کی ہے، سعودی عرب پاکستان کا برادر ملک اور بااعتماد ساتھی ہے، سعودی عرب کی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت پر پاکستان کبھی آنچ نہیں آنے دے گا۔دریں اثناء شہباز شریف نے کہا ہے حکومت ملک کی اصلاحات کی رفتار بالخصوص ٹیکس اصلاحات، توانائی کے شعبے کی بہتر کارکردگی اور نجی شعبے کی ترقی جیسے اہم شعبوں میں پیش رفت کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے ۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کی ورلڈ گورنمنٹس سمٹ (ڈبلیو جی ایس) 2025 کے موقع پر دبئی میں ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم نے منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کو پاکستان کے معاشی استحکام کے لائحہ عمل، موثر کارکردگی اور منصوبہ بندی کی پائیداری کیلئے حکومت کے عزم کا یقین دلایا جو پاکستان میں جامع اور پائیدار ترقی کے حصول کیلئے اہم اجزا ہیں۔