کوئی ملک خود کو بدلتے تقاضوں سے ہم آہنگ کئے بغیر ترقی نہیں کرسکتا، پولیس، فوڈ ڈیپارٹمنٹ اور دیگر اداروں میں رشوت لینے والوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے
ماحولیاتی قوانین پر عمل درآمد ضرور کرایا جائے لیکن فیکٹریاں بند کرنا مسئلے کا حل نہیں: پنجاب انوویشن فارویلیواپرچونٹی اینڈ ٹرانسفارمیشن منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کاروباری برادری کو پیشکش کی ہے وہ صوبے میں بزنس لے کر آئیں، میں نہیں پوچھوں گی آپ پیسہ کہاں سے لا رہے ہیں۔ کوئی ملک بدلتے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوئے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔پنجاب انوویشن فارویلیواپرچونٹی اینڈ ٹرانسفارمیشن منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی ملک خود کو بدلتے تقاضوں سے ہم آہنگ کیے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔پاکستان کو پائیدار معاشی ترقی کیلئے صرف دوسری قوموں کی تیار کردہ اشیا کا صارف بننے کے بجائے خود تخلیق کار، صنعت کار اور عالمی معیشت میں مقابلہ کرنے والا ملک بننا ہوگا، پنجاب حکومت نے کاروبار، صنعت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے معاشی تبدیلی کا جامع منصوبہ تیار کیا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ دنیا، کاروبار، صنعتیں اور صارفین تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں، سوال یہ ہے کہ ہم اس تبدیلی کی قیادت کریں گے یا تبدیلی ہمیں اپنے ساتھ لے جائے گی۔انہوں نے پنجاب کے معاشی تبدیلی کے منصوبے پیوٹ (PIVOT) کو صوبے کی معیشت کی ترقی کا روڈ میپ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں صنعتی ویلیو چین، زرعی مصنوعات کی پراسیسنگ، لائیو اسٹاک، آبی زراعت، ہنرمندی، سیاحت اور ڈیجیٹل معیشت سمیت مختلف شعبوں کو شامل کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب قومی مجموعی پیداوار (جی ڈی پی) میں 55.7 فیصد حصہ ڈالتا ہے جبکہ صوبے کی افرادی قوت تقریبا 3 کروڑ 60 لاکھ ہے۔ پاکستان کی تقریبا 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جسے درست انداز میں استعمال کیا جائے تو یہ ملک کا سب سے بڑا معاشی اثاثہ بن سکتی ہے‘ کاروبار کیلئے امن و امان کی بہتر صورتحال انتہائی ضروری ہے۔ صنعت کاروں کو بھتہ خوری، اغوا اور لوٹ مار کے خوف سے آزاد ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور 25، 25 سال پرانے قبضے بھی ختم کرائے جا رہے ہیں۔کرپشن کے خلاف بھرپور مہم جاری ہے، رشوت لینے والے ملازمین کو نوکری سے فارغ کیا جارہا ہے، بدعنوانی کا خاتمہ ترجیح ہے‘انہوں نے کہا ایک روپے کی بھی کرپشن ثابت ہوئی تو استعفیٰ دے دوں گی