قومی یکجہتی اورجمہوری اداروں کی مضبوطی اولین ترجیح ہے:آصف زرداری

عوامی مسائل کے حل کیلئے مشاورت سے آگے بڑھنا ہو گا،نوجوان نسل ہمارا اصل سرمایہ ہیں،ان کی تعلیم، تربیت سے خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے: صدر  کی  پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے وفد  سے  ملاقات  میں گفتگو
لاہور (سپیشل رپورٹر )صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کے دیرپا حل کے لئے تمام طبقات کے ساتھ مشاورت اور تعاون کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا،قومی یکجہتی اورجمہوری اداروں کی مضبوطی حکومت کی اولین ترجیح ہے،  نوجوان نسل ہمارا اصل سرمایہ ہیں،ان کی تعلیم، تربیت سے خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گورنر ہائرس لاہور میں پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے وفد   کی ملاقات  کے دوران کیا ۔ملاقات کے دوران جنوبی پنجاب کو درپیش دیرینہ مسائل اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، وفد نے جنوبی پنجاب کو درپیش مسائل سے متعلق صدر مملکت آصف علی زرداری کو آگاہی دی اور عوامی مسائل،نوجوانوں کے کردار اورعلاقائی ترقی سے متعلق تجاویز پیش کیں۔۔اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے جمہوری اقدار کے استحکام میں تمام سیاسی قوتوں کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت کے تسلسل اور اداروں کے استحکام کیلئے باہمی ہم آہنگی اور سیاسی مکالمے کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔  انہوں نے کہا ملک کیت مام خطوں میں مساوی ترقی،قومی یکجہتی اور جمہوری اداروں کی مضبوطی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔  صدر مملکت نے کہا نوجوان نسل ہمارا اصل سرمایہ ہے،ان کی تعلیم، تربیت اور شراکت سے خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے،صدر نے وفاق کی سطح پرتمام اکائیوں کو ساتھ لیکرچلنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔