پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین قومی ترجیح : ڈاکٹر مختار بھرتھ

پاکستان اور افغانستان سرحدی اضلاع میں باہمی تعاون کے ساتھ کام کر رہے ہیں،معاون خصوصی وزیراعظم
 اسلام آباد (آئی این پی )وزیرِ اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین قومی ترجیح ہے، وزیرِاعظم  شہباز شریف کی قیادت میں حکومت ملک کو پولیو وائرس سے مکمل نجات دلانے کے لیے پرعزم ہے، پاکستان اور افغانستان پولیو کے خاتمے کے لیے سرحدی اضلاع میں ویکسینیشن مہم پر باہمی تعاون کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیو ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ کے 17ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ وزیرِاعظم کی قیادت میں حکومت ملک کو پولیو وائرس سے مکمل نجات دلانے کے لیے پرعزم ہے، حکومتِ پاکستان پولیو پروگرام کی مکمل حمایت جاری رکھے ہوئے ہے، پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین قومی ترجیح ہے جس کیلیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی حمایت سے ای پی آئی پروگرام کو مضبوط کیا جا رہا ہے، پاکستان اور افغانستان پولیو کے خاتمے کی کوششوں کو مزید ہم آہنگ کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کر رہے ہیں، سرحدی اضلاع میں پولیو ویکسینیشن کی مکمل کوریج کے لیے دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں اضافہ ہو رہا ہے۔