تعلیمی اداروں کے اوقات میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا اولین ترجیح :سی ٹی او

 ڈی ایس پیز سکولوں کے اوقات میں لازمی طور پر فیلڈ میں موجود رہیں: سید عبدالرحیم شیرازی
لاہور (کرائم رپورٹر)سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے ٹریفک انتظامات کا جائزہ لیا اور ڈی ایس پیز سمیت تمام سینئر ٹریفک افسران کو مصروف اوقات میں فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کر دی۔سی ٹی او لاہور نے مختلف شاہراہوں، اہم چوراہوں اور سکولز و کالجز کے اطراف ٹریفک کی روانی اور انتظامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کینال روڈ پر صحافی کالونی، صحافی پلی اور مختلف کراسنگز کا بھی دورہ کیا جبکہ صحافی کالونی کے سامنے پلی پر ٹریفک انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈی ایس پی مغلپورہ عقیل گکر نے سی ٹی او لاہور کو ٹریفک انتظامات اور ٹریفک کی روانی سے متعلق بریفنگ دی۔ سی ٹی او لاہور نے فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے اور ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے اوقات میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے، اس حوالے سے غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام ڈی ایس پیز کو حکم دیا کہ سکولوں کے اوقات اور چھٹی کے وقت لازمی طور پر فیلڈ میں موجود رہیں۔سی ٹی او لاہور نے واضح کیا کہ کوئی بھی سینئر افسر مصروف اوقات میں دفتر میں نہ بیٹھے بلکہ اہم چوکوں اور شاہراہوں پر اپنی پوزیشن یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی روانی میں بہتری اور شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کرنے کے لیے افسران خود فیلڈ میں نگرانی کریں۔