ماں ، بیٹی پر تشدد ، ملزم کا ایس ایچ او پر بھی حملہ

سروسز ہسپتال کے باہر ملزم نے گاڑی میں ماں ، بیٹی کو یرغمال بنا لیا 
اطلاع پر پولیس آئی تو درواز ہ لاک کردیا، شیشہ توڑ کو ماں ، بیٹی کو بچایا 
ملزم نے ایس ایچ او کا انگوٹھا کاٹ لیا، ناخن اکھڑ گیا ، مزید تفتیش جاری 
لاہور(کرائم رپورٹر)شادمان کے علاقے میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک خاتون اور اس کی 8 سالہ بیٹی کو تشدد سے بچا لیا واقعہ سروسز ہسپتال کے باہر پیش آیا جہاں گاڑی میں موجود خاتون اور بچی پر تشدد کی اطلاع موصول ہوئی۔اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او شادمان پولیس ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے تاہم ملزم نے گاڑی کا دروازہ کھولنے سے انکار کر دیا۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پولیس نے گاڑی کا شیشہ توڑ کر دونوں متاثرین کو بحفاظت باہر نکال لیاریسکیو کارروائی کے دوران ملزم نے اچانک ایس ایچ او پر حملہ کر دیا اور دانتوں سے ان کا انگوٹھا کاٹ لیا، جس کے نتیجے میں ناخن اکھڑ گیا اور شدید چوٹ آئی۔ زخمی افسر کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیاپولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو موقع سے گرفتار کر لیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم ذہنی طور پر غیر متوازن معلوم ہوتا ہے اور وہ اپنی بیوی اور بیٹی پر تشدد کر رہا تھا۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور بعد ازاں سروسز ہسپتال میں زخمی ایس ایچ او کی عیادت بھی کی۔ انہوں نے افسر کی بہادری، حوصلے اور پیشہ ورانہ فرض شناسی کو سراہاپولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ متاثرہ خاتون اور بچی کو تحفظ فراہم کر دیا گیا ہے۔