ملتان میں 15 سالہ یتیم بچے کو گاڑی تلے کچل کر قتل کرنے والا ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

ملتان میں 15 سالہ یتیم بچے کو گاڑی تلے کچل کر قتل کرنے والا ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

 ملتان میں 15 سالہ یتیم لڑکے کو گاڑی تلے کچل کر قتل کرنے کے مقدمے میں مرکزی ملزم توقیر مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ بہاولپور کے قریب ناردرن بائی پاس پر پیش آیا، جہاں سی سی ڈی پولیس نے دو موٹرسائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی۔ پولیس کو دیکھ کر ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کردی۔ اس دوران ملزم توقیر اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔پولیس کے مطابق ملزم توقیر گزشتہ رات حراست سے فرار ہوگیا تھا، جس کے بعد اس کی تلاش جاری تھی۔ مبینہ پولیس مقابلے میں ملزم کی ہلاکت کے بعد واقعے سے متعلق مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔یاد رہے کہ ملتان کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں 15 سالہ یتیم لڑکے کو کار تلے کچل کر قتل کرنے کا واقعہ سامنے آیا تھا، جس کی مختلف سی سی ٹی وی فوٹیجز نے واقعے کی سنگینی واضح کردی تھی۔

ابتدائی طور پر ملزمان کی جانب سے واقعے کو حادثہ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم مختلف مقامات پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیوز میں لڑکے کا تعاقب کرنے اور اس پر گاڑی چڑھانے کے مناظر سامنے آئے تھے۔ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا تھا کہ لڑکا جان بچانے کے لیے بھاگ رہا تھا جبکہ ملزمان اس کا پیچھا کر رہے تھے۔ ایک اور کیمرے کی فوٹیج میں گاڑی کو تیز رفتاری سے لڑکے پر چڑھاتے ہوئے دیکھا گیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے آنے کے بعد یہ معاملہ شدید توجہ کا مرکز بنا تھا اور ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔