افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی نے پاکستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی خواہش ظاہر کر دی

افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی نے پاکستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی خواہش ظاہر کر دی

افغان عبوری حکومت کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ یہ اطلاع افغان وزارت خارجہ کے جاری کردہ اعلامیے میں دی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق یہ گفتگو اس وقت سامنے آئی جب امیر خان متقی نے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ عبداللہ بن زیاد النہیان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ دونوں رہنماوں نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال، افغانستان اور امریکہ کے معاملات، اور پاک افغان تعلقات میں حالیہ پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر امیر خان متقی نے ایک امریکی قیدی کی رہائی میں کامیاب ثالثی پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ باقی معاملات بھی سفارتی ذرائع سے حل کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے خطے میں جاری کشیدگی، خصوصاً ایران کے خلاف حالیہ جنگی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے علاقائی امن کے لیے خطرہ قرار دیا۔پاک افغان تعلقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ افغانستان اپنی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا اور اس ضمن میں عملی اقدامات کیے جا چکے ہیں۔اماراتی وزیر خارجہ نے بھی کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں اور اس کے حل کے لیے سفارتی کوششیں جاری رہیں گی۔