کراچی: راہگیر خاتون سے غیر اخلاقی حرکات کرنے والا ملزم گرفتار

کراچی: راہگیر خاتون سے غیر اخلاقی حرکات کرنے والا ملزم گرفتار

کراچی میں راہگیر خاتون سے نازیبا حرکات کے واقعے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق یہ کارروائی اورنگی ٹاؤن کے علاقے پاکستان بازار پولیس نے انجام دی، جہاں وائرل ہونے والی ویڈیو کی مدد سے ملزم کی شناخت کی گئی اور اسے حراست میں لے لیا گیا۔ایس ایس پی ویسٹ طارق الہٰی مستوئی کے مطابق سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں ایک شخص کو سڑک پر چلتی خاتون کے ساتھ نازیبا حرکات کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا، جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تفتیش شروع کی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ویڈیو فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزم تک پہنچا گیا، جسے بعد ازاں گرفتار کر لیا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے واقعے کا اعتراف بھی کیا ہے اور بتایا کہ یہ واقعہ 22 جون 2026 کو دوپہر کے وقت رحمت چوک کے قریب پیش آیا تھا۔ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے اور قانون کے مطابق کارروائی مکمل کی جائے۔