لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے “اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے، جس کے تحت اب تک 1 لاکھ 66 ہزار بلاسود قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔
ترجمان کے مطابق اس پروگرام کے تحت گھروں کی تعمیر کے لیے 215 ارب 76 کروڑ روپے سے زائد کی رقم جاری کی گئی، جس کے نتیجے میں اب تک 1 لاکھ 5 ہزار 594 گھر مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ ہزاروں خاندان اپنے نئے گھروں میں منتقل بھی ہو گئے ہیں۔اس وقت 28 ہزار 453 گھر زیرِ تعمیر ہیں، جبکہ مزید 32 ہزار 48 گھروں کی تعمیر جلد شروع کی جائے گی۔پروگرام کے تحت اب تک 14 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری بھی کی جا چکی ہے۔ترجمان کے مطابق اس اسکیم کے لیے 12 لاکھ 11 ہزار 954 درخواستیں موصول ہوئیں، جس کے تحت کم آمدنی والے خاندانوں کو بلاسود ہاؤسنگ فنانس فراہم کیا جا رہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 91 ہزار 434 مرد حضرات، 14 ہزار 7 خواتین اور 23 خواجہ سرا اس پروگرام سے مستفید ہو کر اپنے گھر مکمل کر چکے ہیں۔دیہی پنجاب میں 60 ہزار 139 جبکہ شہری علاقوں میں 45 ہزار 325 گھر مکمل کیے جا چکے ہیں، جس سے ہزاروں خاندانوں کو باعزت رہائش میسر آئی ہے۔ترجمان نے کہا کہ یہ پروگرام کم آمدنی والے طبقے کے لیے یکساں مواقع فراہم کر رہا ہے اور صوبے کے ہر خطے تک اس کی رسائی کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔