ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ایک طویل اور خصوصی اجلاس میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔
وزیراعلیٰ نے جامع بحالی پیکیج طلب کرتے ہوئے امدادی رقوم میں اضافے کی ہدایت دی اور متاثرہ گھروں کی تعمیر و مرمت کو "اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام" میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔مریم نواز نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے گھر اجڑ گئے ہیں، ہم سکون سے نہیں بیٹھ سکتے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پنجاب میں سیلاب اور دیگر قدرتی آفات سے بچاؤ کے لیے ایک ماسٹر پلان کی فوری ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں نقصانات سے بچا جا سکے۔اجلاس میں دریاؤں اور ندی نالوں کی آبی گزرگاہوں کو تعمیرات کے لیے ریڈ زون قرار دینے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ سیلاب سے متاثرہ کسانوں کے لیے خصوصی بحالی پروگرام ترتیب دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ بحالی پیکیج کے لیے سروے جلد مکمل کیا جائے، جس کے لیے ایک اعلیٰ سطح کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔
مزید برآں، مریم نواز نے ہدایت دی کہ جن خاندانوں کے گھر تباہ ہوگئے ہیں اور وہ فوری واپس نہیں جا سکتے، ان کے لیے ہر ضلع میں علیحدہ علیحدہ مرد و خواتین کے لیے مارکی لگائی جائیں۔ وہاں صاف پانی، کھانے اور دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ سردیوں کی آمد کے پیش نظر ان خاندانوں کو فوری طور پر ان مارکیز میں منتقل کرنے کی تیاری مکمل کی جائے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے آبی گزرگاہوں پر قائم تجاوزات اور غیر قانونی آبادیاں ختم کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بڑی توقعات ہم سے وابستہ ہیں، ان پر پورا اترنا میرا اعزاز اور ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب میں ہر سال سیلاب سے بڑے نقصان ہوتے ہیں، لہٰذا طویل المدتی اور قلیل المدتی پائیدار پالیسیاں بنانا ناگزیر ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز آئندہ دنوں میں خود سیلاب متاثرین کی بحالی پیکیج کا باضابطہ اعلان کریں گی۔