بابر اعظم ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کرنے کے قریب، ویرات کوہلی اور ہاشم آملہ کو پیچھے چھوڑنے کا موقع

بابر اعظم ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کرنے کے قریب، ویرات کوہلی اور ہاشم آملہ کو پیچھے چھوڑنے کا موقع

پاکستان کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم ایک اور تاریخی سنگ میل کے قریب ہیں اور آج ہونے والے میچ میں وہ عالمی شہرت یافتہ بھارتی بیٹر ویرات کوہلی اور جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ کو پیچھے چھوڑ سکتے ہیں۔

بابر اعظم، جو اس وقت ایک روزہ کرکٹ فارمیٹ میں عالمی سطح پر ٹاپ رینک پلیئر ہیں، تیز ترین 6000 رنز مکمل کرنے والے کھلاڑی بننے کے قریب ہیں۔یہ ریکارڈ اس وقت جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ کے پاس ہے، جنہوں نے 123 اننگز میں 6000 رنز مکمل کیے تھے۔ بابر اعظم نے اب تک 119 اننگز میں 5905 رنز اسکور کیے ہیں اور انہیں اس کارنامے کو مکمل کرنے کے لیے صرف 95 رنز کی ضرورت ہے۔ بھارت کے ویرات کوہلی نے 136 اننگز میں 6000 رنز بنائے تھے۔

بابر اعظم نے حالیہ سیریز کے دوسرے ون ڈے میں نصف سینچری اسکور کرکے بھارتی وکٹ کیپر بیٹر مہندرا سنگھ دھونی کا ریکارڈ توڑ دیا۔ اس کے علاوہ، بابر اعظم نے 300 سے زائد انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں، جن میں 14 ہزار سے زائد رنز شامل ہیں اور 31 سینچریاں اور 95 نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔بابر اعظم کے اس شاندار ریکارڈ کی بدولت وہ ایک اور سنگ میل عبور کرنے کے قریب ہیں، جو نہ صرف ان کی بلے بازی کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے بلکہ ان کے عزم اور محنت کا بھی غماز ہے۔