اشتہاری، عادی مجرمان اور عدالتی مفروران قانون کی گرفت میں آگئے
لاہور (کرائم رپورٹر) شہر میں اشتہاری ملزمان، عادی جرائم پیشہ افراد اور عدالتی مفروران کے خلاف ڈولفن سکواڈ کا خصوصی آپریشن جاری ہے۔ ترجمان ڈولفن سکواڈ کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 67 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن میں 12 اشتہاری ملزمان بھی شامل ہیں۔ گرفتار افراد مختلف سنگین نوعیت کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔ ایس پی ڈولفن بلال احمد کے مطابق کارروائیوں کے دوران 39 ریکارڈ یافتہ اور 9 عادی مجرمان کو حراست میں لیا گیا، جبکہ زیر سماعت مقدمات میں مطلوب 6 عدالتی مفروران کو بھی گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ سٹریٹ کرائم میں ملوث ایک ملزم کو بھی گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے 3 موبائل فون برآمد ہوئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانوں کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔