لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور پولیس آپریشنز ونگ نے چھٹی کے روز مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 449 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں کے دوران ہراسگی اور زیادتی کی شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے 16 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق غیر قانونی اسلحہ کی نمائش پر 6 ملزمان کو گرفتار کر کے ان سے 1 رائفل، 5 پسٹل اور درجنوں گولیاں برآمد کی گئیں۔انہوں نے بتایا کہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں 15 ملزمان گرفتار کیے گئے جن سے 8 کلو 90 گرام چرس، 1 کلو 20 گرام آئس، 500 گرام ہیروئن اور 25 لیٹر شراب برآمد ہوئی۔ پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 16 ملزمان جبکہ جوئے کے خلاف کارروائی میں 6 ملزمان کو حراست میں لیا گیا اور داؤ پر لگی رقم بھی برآمد کی گئی۔ کارروائیوں کے دوران 177 اشتہاری مجرمان و مفروران کو بھی گرفتار کیا گیا۔ دیگر جرائم میں ملوث 12 ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ لاہور پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت الرٹ ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔