کوریئر کمپنی میں رابری کرنے والا ریکارڈ یافتہ ملزم گرفتار

لاہور (کرائم رپورٹر) فیصل ٹاؤن پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے نجی کوریئر کمپنی کے دفتر میں رابری کرنے والے ریکارڈ یافتہ ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق ملزم کو چندرائے روڈ پر واقع ایک گھر سے ٹریس کرکے حراست میں لیا گیا۔ ملزم نے چند روز قبل نجی کوریئر کمپنی کے دفتر سے ایک لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد مالیت کا سامان لوٹا تھا۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق گرفتار ملزم فہد چوری، ڈکیتی اور دیگر جرائم کے 50 سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے چوری شدہ کمپیوٹر، ایل ای ڈی، نقدی اور دیگر سامان بھی برآمد کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ ایس پی ماڈل ٹاؤن نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔