لوئر مال پولیس نے شاپ رابری اور قتل کامرکزی ملزم گرفتار کر لیا

 ملزم نے  ایک سال قبل ایک زیرِ حراست ملزم کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا:پولیس
لاہور(کرائم رپورٹر)لوئر مال پولیس نے شاپ رابری اور قتل جیسے سنگین جرائم میں ملوث مرکزی ملزم کو واردات کے چند گھنٹوں بعد واردات کے دوران پہنے گئے کپڑے تبدیل کرنے سے پہلے ہی گرفتار کر لیا  ترجمان پولیس کے مطابق ملزمان نے ایک نجی شاپ پر اسلحے کے زور پر واردات کرتے ہوئے نقد رقم اور ایل سی ڈی چھینی اور موقع سے فرار ہو گئے۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز نے ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی، جس پر لوئر مال پولیس نے کارروائی شروع کی اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تقریباً 150 سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج چیک کی جس کی مدد سے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔ دورانِ تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے تقریباً ایک سال قبل ایک زیرِ حراست ملزم کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔ ملزم اپنے ساتھیوں کے ہمراہ زیرِ حراست ملزم کو چھڑوانا چاہتا تھا۔ایس پی سٹی نے بتایا کہ گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ واردات میں ملوث دوسرے ساتھی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔