گرمی کی بڑھتے ہی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ

 ٹرانسفارمر جلنے کی شکایات میں اضافہ،شہری گھنٹوں بجلی سے محروم ،کہیں لوڈ شیڈنگ نہیں ہو رہی: لیسکو حکام 
لاہور (کرائم رپورٹر )گرمی کی شدت بڑھتے ہی لیسکو کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ،سسٹم پر لوڈ بڑھنے سے شہر میں تکنیکی خرابیوں کی بھرمار ،شدید گرم موسم میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے جینا محال کردیا۔ ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمر جلنے کی شکایات میں اضافہ، گنجان آباد علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ رات بھر جاری رہا، مصطفی آباد، والٹن روڈ، چونگی امرسدھو،شاہدرہ، ہربنس پورہ، سبزہ زار، داروغہ والا، علی پارک، بھٹہ چوک، ساندہ،چوبرجی کے مختلف علاقوں میں تکنیکی خرابیوں کی بھرمار رہی۔ ٹرانسفارمر جلنے سے شہری گھنٹوں بجلی سے محروم رہے۔ ذرائع کے مطابق دن کو لیسکو کی بجلی کی طلب 3700 میگاواٹ سے تجاوز کرگئی۔ لیسکو کو طلب کے مطابق بجلی فراہم کی جارہی ہیمگر ڈسٹری بیوشن سسٹم کی خامیوں پرصارفین کو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ لیسکو انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کہیں لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی صرف ہائی لاسز فیڈرز پر شیڈول کے مطابق لوڈشیڈنگ جاری ہے۔