گرمی بڑھتے ہی بجلی کی طلب میں اضافہ، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ‘شہری پریشان

لاہور(سپیشل رپورٹر‘ایجنسیاں ) گرمی میں اضافہ ہوتے ہی بجلی کی طلب بڑھنے لگی جس سے سسٹم پر لوڈ بھی بڑھ گیا۔شدید گرمی میں صوبائی دارالحکومت میں غیر اعلانیہ اور جبری لوڈشیڈنگ جاری ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں 2 سے 3 اور دیہی علاقوں میں 4 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی، جبکہ ٹرانسفارمر کے جلنے سمیت دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث بھی متعدد علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہنے لگی ہے۔شام 5 بجے تا رات 12 بجے بجلی کی اوسط طلب 3787 میگاواٹ جبکہ فراہمی 3053 میگاواٹ ریکارڈ کی گئی، اسی دورانیے میں شارٹ فال 682 میگاواٹ رہا۔ترجمان لیسکو کے مطابق انڈیپنڈنٹ انڈسٹری کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی جاری رہی ہے، کمرشل اور انڈسٹریل ڈومینیٹڈ فیڈرز پر 2، 2 گھنٹے لوڈ مینجمنٹ کی گئی۔شہری علاقوں میں 1 گھنٹہ 30 منٹ لوڈشیڈنگ کی گئی‘ پاور ڈویژن کے ترجمان نے کہا ہے  ایل این جی کی دستیابی سے پیک ٹائم لوڈ مینجمنٹ بھی ختم ہوجائے گی۔