بد سے بدنام بہت برا ہوتا ہے، پیرا فورس کی گڈ ول پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا‘، قانونی کارروائی کے دوران مزاحمت کا کلچر ختم ہونا چاہیے
انویسٹی گیشن افسر کا تبادلہ سفارش پر نہیں ہو گا، پیرا فورس کو مزید مہذب اور ڈسپلن بنانے کیلئے کلر کہار میں ٹریننگ اکیڈمی پر کام شروع ہے
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیر اعلی مریم نواز شریف نے کہا ہے عوام پر رعب جھاڑنے اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والے اہلکاروں کی پیرا میں کوئی جگہ نہیں، پیرا فورس میں اوئے سامان اٹھا، نکلو کا مغرور کلچر بالکل نہیں چلے گا بد سے بدنام بہت برا ہوتا ہے، پیرا کی گڈ ول پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔وزیراعلی پنجاب کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کی کارکردگی سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں پیرا کی کارکردگی، ڈیجیٹلائزیشن، قانونی فریم ورک اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ ہوئی۔وزیراعلی نے پیرا فورس کی تمام کارروائیوں کی نگرانی کیلئے ڈیجیٹل ریکوزیشن لازمی قرار دیتے ہوئے عوامی شکایات کے فوری ازالے کیلئے "Ask PERA" پورٹل کو مزید فعال بنانے اور ڈی جی پیرا کو براہِ راست عوامی رابطہ بڑھانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ پیرا فورس میں اوئے سامان اٹھا، نکلو کا مغرور کلچر بلکل نہیں چلے گا، پیرا کا عدالتی محاذ پر 99 فیصد کنویکشن ریٹ کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے، عوام پر رعب جھاڑنے اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والے اہلکاروں کی پیرا میں کوئی جگہ نہیں، بد سے بدنام بہت برا ہوتا ہے، پیرا کی گڈ ول پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا اینٹی انکروچمنٹ اور پرائس کنٹرول کے علاوہ ہر ایکشن کے لیے پیشگی ڈیجیٹل ریکوزیشن لازمی ہے، قانونی کارروائی کے دوران مزاحمت کا کلچر ختم ہونا چاہیے، قانون کی بالادستی قائم ہوگی-وزیر اعلی نے بتایا کہ انویسٹی گیشن افسر کا تبادلہ اب کسی کی سفارش پر نہیں ہو گا، پیرا فورس کو مزید مہذب اور ڈسپلن بنانے کے لیے کلر کہار میں ٹریننگ اکیڈمی پر کام شروع ہے، جبکہ جون 2027 تک مستقل بھرتیوں کا عمل مکمل کرنے اور شفافیت کے لیے انٹرنل افیئرز یونٹ قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ پیرا مجموعی طور پر شاندار کام کر رہی ہے، تاہم ادارے کی عوامی پیشکش اور کمیونیکیشن کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے۔