پیرافورس کو ڈیڈی کیٹڈ فورس بنانے کا حکم ‘بنیادی کام ریگولیشن ہوگا‘ جو اہلکار کرپشن یا اختیارات کے ناجائز استعمال میں پکڑا جائے اسے مثال بنا دیا جائے
ا ہلکاروں پر باڈی کیم نصب کرنے کیلئے 30 جون کی ڈیڈ لائن‘مشکوک شہرت والے افسروں کو فوری ان کے اصل محکموں میں واپس بھیجا جائے: اجلاس میں گفتگو
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے غیر قانونی کارروائیوں سے عوام کو تنگ کرنے اور پیرا فورس کا نام بدنام کرنے والے اہلکاروں کیخلاف گھیرا تنگ کرنے کا حکم دیا ہے۔ غیر قانونی کارروائی میں ملوث پیرا کے اہلکاروں و افسروں کو تین دن کی ڈیٹنشن نہیں تین سال جیل کی ہوا کھانی پڑ سکتی ہے۔ پیرا میں ہر ایک اہلکارکے ریکارڈ کو جانچا جائیگا ،جن کا ریکارڈ صاف ہوگا وہ اہلکاربے خوف رہیں لیکن جن کا ریکارڈ صاف نہ ہوا وہ کارروائی کیلئے تیار رہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پیرا اہلکاروں پر باڈی کیم نصب کرنے کے لئے 30 جون کی ڈیڈ لائن دے دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پیرا فورس کے 4 ہزار اہلکاورں و افسران کی سکروٹنی کی ہدایت کی اور پیرا انٹرنل انٹیلی جنس اور وسل بلور سسٹم کو اپ ڈیٹ کرنے کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پیرا کا نام بدنام کرنے والے عناصر کیخلاف مثالی کارروائی کرنے کابھی حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت پیرا فورس کا چوتھا اجلاس منعقد ہواجس میں پیرا کی کارروائیوںسے متعلق بریفنگ لی گئی اور سخت فیصلے کیے گئے۔ وزیر اعلیٰ نے پیرافورس کو ایک ڈیڈی کیٹڈ فورس بنانے کا حکم دیا ہے جس کا بنیادی کام صرف ریگولیشن ہوگا۔ اجلاس میں کلر کہار یا مری/کوٹلی ستیاں میںپیرا فورس کی اپنی ٹریننگ اکیڈمی بنانے کی تجویز پیش کی گئی۔ وزیرِ اعلیٰ مریم نوازشریف نے ایک سال میں پیرا اکیڈمی مکمل کرنے کا حکم دیا ۔اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے پیرا فورس کی ساکھ اور ڈسپلن پر سخت سوالات اٹھائے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا جو اہلکار کرپشن یا اختیارات کے ناجائز استعمال میں پکڑا جائے، اسے مثال بنا دیا جائے۔ پیرا میں ڈسپلن کیخلاف ورزی پر 1356 انکوائریاں لگیں، 304کو سزائیں ملیں اور 7اہلکاروں کو فارغ کیا جا رہا ہے۔ پیرا کے اندرونی انٹیلی جنس اور خفیہ اطلاع کے نظام کو مزید فعال کیا جائے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ مشکوک شہرت والے افسروں کو فوری طور پر ان کے اصل محکموں میں واپس بھیجا جائے۔پبلک سروس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔