خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے تمام قانونی تقاضے پورے ہیں‘ سہیل آفریدی وزارت اعلی سے ہٹنے کے بعد لوٹ مار کے جرم میں جیل کے اندر ہوگا
ایشوز پر مذاکرات کیلئے تیار ہیں لیکن ایک مجرم کے یک نکاتی ایجنڈے پرمذاکرات نہیں کرسکتے : وفاقی وزیرامور کشمیر کی میڈیا سے گفتگو
پشاور(آئی این پی )وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام نے کہا ہے وزیر اعلی سہیل آفریدی کے غیرقانونی اقدامات کے باعث گورنر راج کے تمام قانونی تقاضے پورے ہیں، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نفیس آدمی ہیں، باقی کسی بھی وقت کچھ بھی ہو سکتا ہے،کے پی میں کوئی آپشن چلے یا نہ چلے، سہیل آفریدی نہیں چل سکے گا، سہیل آفریدی وزارت اعلی سے ہٹنے کے بعد لوٹ مار کے جرم میں جیل کے اندر ہوگا،صوبے میں میں دہشت گردوں کا راج ہے، عوام ایک عرصے سے دہشت گردی کا سامنا کر رہے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ امیر مقام کا کہنا تھا خیبر پختونخوا کے حالات سب کے سامنے ہیں، خیبرپختونخوا کے عوام ایک عرصے سے دہشت گردی کا سامنا کر رہے ہیں، پورا پاکستان دیکھ رہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے لوگ کتنی قربانی دے رہے ہیں‘ امیر مقام کا کہنا تھا کہ مذاکرات کی بات تو شہباز شریف نے اپوزیشن لیڈر ہوتے ہوئے بھی کی تھی، ایک قیدی کے ساتھ مذاکرات نہیں ہو سکتے، یہ مجرم ہے، عدالت جائے، ایشوز پر مذاکرات کیلئے تیار ہیں، لیکن ایک مجرم کے یک نکاتی ایجنڈے پرمذاکرات نہیں کرسکتے۔