پاکستان کیساتھ بات چیت سے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں:افغان سفیر

کابل(آئی این پی )پاکستان میں امارت اسلامیہ افغانستان کے سفیر سردار احمد شکیب نے کہا ہے  افغان حکومت پاکستان کے ساتھ بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنا چاہتی ہے۔  افغانستان کے سفیر سردار احمد شکیب نے افغان میڈیا  سے    گفتگو کرتے ہوئے کہا  موجودہ افغان حکومت کی پالیسی پاکستان کے ساتھ تمام مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا ہے۔سردار احمد شکیب نے کہا کہ کابل اور اسلام آباد کے درمیان مسائل نے دونوں ممالک کو متاثر کیا ہے اور تنا ئوکے تسلسل نے دونوں اطراف کے لوگوں پر سب سے زیادہ اثر ڈالا ہے۔ امارت اسلامیہ افغانستان کے سفیر نے   کہا کہ جو مسائل پیدا ہوئے ہیں وہ دونوں فریقوں کے لیے نقصان دہ ہیں۔ وہ تعلقات کو نقصان پہنچاتے ہیں اور لوگوں کی زندگیوں کو متاثر کرتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ان مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے اور یہ امارت اسلامیہ کی پالیسی ہے کہ وہ مذاکرات پر یقین رکھتی ہے۔