ہیلتھ انشورنس پروگرام بلا تعطل جاری رہے گا:سلمان رفیق

 صحت کارڈ بند ہونے سے عوام کو مفت علاج فراہم کرنے پر کوئی اثر نہیں ہو گا 
صوبائی وزیر کامحکمہ داخلہ کنٹرول روم کا دورہ،محرم سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ لی
لاہور(خصوصی رپورٹ)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا حکومت پنجاب نے حال ہی میں سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی مد میں گزشتہ پانچ برسوں کے واجبات 22 ارب روپے ادا کئے ہیں اور عوام کیلئے ہیلتھ انشورنس پروگرام بلا تعطل جاری رہے گا،سرکاری ہسپتالوں میں صحت کارڈ بند ہونے سے عوام کو مفت علاج فراہم کرنے پر کوئی اثر نہیں ہو گا۔ صحت کارڈ کو نجی ہسپتالوں تک محدود کرنے کا فیصلہ عوام کی بہتری اور صحت کے نظام کی پائیداری کے پیش نظر کیا گیا ۔ سرکاری ہسپتالوں میں ہیلتھ انشورنس پروگرام کی رقم کی کمی محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ادا کرے گا۔ ہسپتالوں میں اس وقت ادویات کی کوئی قلت نہیں ہے۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ داخلہ کے کنٹرول روم کا دورہ کیا،محرم الحرام حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔متعلقہ حکام نے محرم الحرام اور پاک پتن عرس کے سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی۔