پنجاب پولیس کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن بلا تعطل جاری

 پولیس ہائی الرٹ ، شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جا رہا :ترجمان
 لاہور(کرائم رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن بلا تعطل جاری ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ حالیہ غیر معمولی سیلابی صورتحال میں متاثرین کی فوری مدد کے لیے پنجاب پولیس ہائی الرٹ ہے اور شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک سیلاب سے متاثرہ اضلاع سے 2 لاکھ 46 ہزار 640 متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، جن میں 1 لاکھ سے زائد مرد، 72 ہزار 983 خواتین اور 73 ہزار 194 بچے شامل ہیں۔ مزید برآں شہریوں کے کروڑوں روپے مالیت کے 3 لاکھ 14 ہزار 579 مویشیوں کو بھی سیلاب زدہ علاقوں سے نکال کر محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا ہے۔آئی جی پنجاب نے ساہیوال، ملتان، جھنگ اور مظفر گڑھ میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر پولیس کو ہمہ وقت ہائی الرٹ رہنے کے احکامات دیے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ تھرمل امیجنگ ڈرون کیمروں کے ذریعے سیلابی ریلوں میں پھنسے شہریوں اور مویشیوں کو ٹریس کرکے ریسکیو کیا جا رہا ہے۔ قیمتی انسانی جانوں کو بچانے کے لیے غیر معمولی جرات اور بہادری دکھانے والے پولیس افسران و اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ انخلا والے علاقوں میں سکیورٹی، سرویلنس اور پٹرولنگ کو مزید بڑھایا جائے تاکہ متاثرین کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے فلڈ ریلیف کیمپوں میں متاثرین کے تحفظ، رہائش، ادویات، خوراک اور دیگر ضروریات زندگی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 15 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار، 700 سے زائد وہیکلز اور 40 بوٹس ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔