پنجاب:سرکاری ہسپتالوں سے ہیلتھ کارڈ کی سہولت واپس

30 جون کے بعد سہولت ختم ،ہسپتالوں کوواجبات کلیئر کرنے کیلئے مراسلہ جاری 
 سرکاری ہسپتالوں میں گردہ، جگر اور آنکھوں کی پیوند کاری پر ہیلتھ کارڈ لاگو ہوگا
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب حکومت نے سرکاری ہسپتالوں سے ہیلتھ کارڈ کی سہولت واپس لے لی جبکہ گردہ، جگر اور آنکھوں کی پیوند کاری پر سرکاری ہسپتالوں میں ہیلتھ کارڈ لاگو ہوگا۔گردے کی پیوند کاری پر حکومت ہیلتھ کارڈ پر 15لاکھ روپے فی مریض ادائیگی کرے گی۔ پنجاب حکومت نے سرکاری ہسپتالوں سے ہیلتھ کارڈ کی سہولت کو ختم کردیا ہے ، جاری مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ 30 جون کے بعد سرکاری ہسپتالوں میں صحت کارڈ کی سہولت میسر نہیں ہو گی۔تمام سرکاری ہسپتالوں کو 30 جون سے قبل واجبات کلیئر کرنے کی ہدایت کر دی گئی جبکہ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں کو سابق پیمنٹ نہیں کی جائے گی اور یہ رقم لینڈنگ لائبلٹی میں ڈال دی جائیگی۔30 جون کے بعد سرکاری ہسپتالوں میں مفت علاج کیلئے وزیر اعلی پنجاب نئی پالیسی دینگی۔دسمبر 2021 میں تحریک انصاف نے لاہور سمیت پنجاب میں صحت کارڈ کا باقاعدہ افتتاح کیا تھا جبکہ مسلم لیگ ن کا دعویٰ ہیکا اس پراجیکٹ کا افتتاح نواز شریف نے 2014میں کیا تھا۔ طبی حلقوں کا کہنا ہے کہ صحت کارڈ سے غریب لوگوں کا علاج احسن طریقے سے ہو جاتا تھا مگر اب سرکاری ہسپتالوں کو مفت ادویات و آلات فراہمی کو حکومت یقینی بنائے گی۔تمام پرائیویٹ ہسپتالوں میں صحت کارڈ کی سہولت میسر ہو گی ، پہلے کی طرح 50فیصد ادائیگی کرکے علاج کرایاجاسکے گا۔