13 سرکاری ہسپتالوں میں مفت میڈیکل سرٹیفکیٹ کی سہولت

لاہور میں ڈرائیونگ لائسنس کے لئے فری میڈیکل سرٹیفکیٹ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈرائیونگ لائسنس کے لیے شہری اب بغیر کسی اخراجات کے سرکاری ہسپتالوں سے مفت میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن پر ڈرائیونگ لائسنس کے لیے فری میڈیکل سرٹیفکیٹ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ شہر کے 13 ہسپتالوں میں مفت ڈرائیونگ لائسنس فٹنس سرٹیفکیٹس کے لیے کانٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ان ہسپتالوں میں ڈی ایچ کیو میاں میر ہسپتال، ڈی ایچ کیو مزنگ، جنرل ہسپتال غازی آباد، تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال سبزہ زار، گورنمنٹ ہسپتال سمن آباد، گورنمنٹ جنرل ہسپتال قلعہ گجر سنگھ، گورنمنٹ جنرل ہسپتال شاہدرہ، تحصیل ہیڈکوارٹرز بلال گنج، گورنمنٹ ہسپتال سوڈیوال، تحصیل ہیڈکوارٹرز کاہنہ، تحصیل ہیڈکوارٹر رائے ونڈ اور گورنمنٹ آئی اینڈ جنرل ہسپتال سوامی نگر شالیمار شامل ہیں۔سی ٹی او لاہور کے مطابق کمرشل لائسنس اور پچاس سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے میڈیکل فٹنس لازم ہے۔جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹس کی روک تھام کے لیے ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔