سرکاری ہسپتالوں میں مانیٹرنگ کیلئے سی ایم ہیلتھ ویجی لینس سکواڈ قائم رپورٹ پر24گھنٹے میں ایکشن لیا جائیگا:مریم نواز

سرکاری ہسپتالوں میں زیادہ ترعام آدمی علاج کیلئے آتاہے، عام آدمی کیلئے سرکاری ہسپتال میں ادویات اور تمام سہولتیں فری ہونی چاہیے
فنڈز ملنے کے باوجود کچھ ہسپتالوں میںمریضوں سے ادویات اور دیگر سامان باہر سے منگوانا تکلیف دہ امر ہے: وزیراعلی کی اجلاس میں گفتگو
 لاہور(سپیشل رپورٹر)پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مانیٹرنگ کے لئے سی ایم ہیلتھ ویجی لینس سکواڈ قائم کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سرکاری ہسپتالوں کی مانیٹرنگ اور چیکنگ رپورٹ پر 24گھنٹے میں ایکشن کی ہدایت کر دی ہے۔ تین سی ایم ہیلتھ ویجی لینس سکواڈ پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر جلد کام شروع کردیں گے۔سی ایم ہیلتھ ویجی لینس سکواڈ میں ڈاکٹر،فارماسسٹ،بائیو میڈیکل انجینئر، بجٹ اکائونٹ آفیسر، ڈیٹا ایکسپرٹ اور دیگر شامل ہوں گے۔سی ایم ویجی لینس سکواڈ ،ہسپتالوں میں میڈیسن ،ڈیوٹی روسٹر، کلینکل سروسز، بائیومیڈیکل آلات اور دیگر امور چیک کرے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سرویلنس ٹیم کے لئے جامع چیک لسٹ تیار کرنے کی ہدایت کی اور محکمہ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن کے زیرا ہتمام خصوصی ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ قائم کرنے کی منظوری دے دی۔ ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ میں ضلع، تحصیل ہسپتالوں اور مراکز صحت کے لئے الگ الگ یونٹ قائم ہونگے۔ ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ میں سرویلنس روم24/7 کام کرے گا۔ اجلاس  میںپنجاب کے ہسپتالوں میں گیسٹروانٹیسٹینولوجی  سروسز شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سروسز ہسپتال میں گیسٹروانٹیسٹینولوجی سنٹر بنایا جائے گا۔ تحصیل اور ڈسٹرکٹ کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی وارڈ کی اپ گریڈیشن اور ٹراما سنٹر قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ فیصل مسعودٹیچنگ ہسپتال سرگودھا میں خصوصی ٹراما سنٹر بنایا جائے گا۔ گوجرانوالہ کے ٹیچنگ ہسپتال میں کارڈیالوجی وارڈ قائم ہوگا۔ ملتان کے کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ میں 4 آپریشن تھیٹرز کو جدید طبی آلات کے ساتھ فنکشنل کیا جائے گا۔ بی ایس این ڈگری حاصل کرنے والے نرسز کو سرکاری ہسپتالوں میں بامعاوضہ انٹرن شپ ملے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہسپتالوں میں فری میڈیسن انائونسمنٹ مسلسل جاری رکھنے کی ہدایت کی اور  فری میڈیسن انائونسمنٹ نہ کرنے پر کارروائی کا حکم دیا۔ اجلاس میں پنجاب کے 8ضلعی ہسپتالوں میں کیتھ لیب قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔ ڈسٹرکٹ ہسپتال کیتھ لیب میں پروسیجر شروع کرنے کے لئے دسمبر کی ڈیڈ لائن مقررکی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے دوردراز علاقوں میں متعین ڈاکٹرز کی رہائشگاہوں میں فرنیچر وغیرہ بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کی دستیابی پر مفصل رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوا زشریف نے مریضوں کے لئے ویٹنگ روم/ایریا بنانے اور ویٹنگ روم میں بیٹھنے کی سائے دار جگہ، پینے کا ٹھنڈا پانی اور پنکھے وغیرہ لگانے کا حکم دیا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں زیادہ ترعام آدمی علاج کے لئے آتاہے۔ عام آدمی کے لئے سرکاری ہسپتال میں ادویات اور تمام سہولتیں فری ہونی چاہیے۔فنڈز ملنے کے باوجود کچھ ہسپتالوں میںمریضوں سے ادویات اور دیگر سامان باہر سے منگوانا تکلیف دہ امر ہے۔سرکاری ہسپتال کی فارمیسی میں ادویات کی موجودگی کے باوجود مریض کومیڈیسن دستیاب نہ ہوں، یہ افسوسناک بات ہے