مخصوص نشستوں کے حوالے سے فیصلہ عدالتی تاریخ کا بدنما داغ:حافظ نعیم الرحمان

 نشستیں تحریک انصاف کا حق تھا، اصولی سیاست والی جماعتوں کو مخصوص نشستیں لینے سے انکار کرنا چاہیے
لاہور(آئی ا ین پی )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے مخصوص نشستوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عدالتی تاریخ کا ایک اور بدنما داغ ہے، مخصوص نشستیں تحریک انصاف کا حق تھا،ایک اصولی سیاست اور دوسری وصولی سیاست ہے، اصولی سیاست والی جماعتوں کو مخصوص نشستیں لینے سے انکار کرنا چاہیے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔حافط نعیم الرحمان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے پر افسوس ہوا، انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ سے جعلی فیصلے کروا کر سیٹیں حاصل کرنے کو یہ لوگ کامیاب سیاست کہتے ہیں، لوگ ایسے سیاستدانوں کو کامیاب سمجھتے ہیں جو کسی اصول پر نہیں حصول پر کھڑے ہوتے ہیں۔ اصولی سیاست کی بات کرنے والے سیٹیں وصول کرینگے یا نہیں یہ دیکھنا ہے۔ہر دونمبری سے اقتدارمیں رہنے والوں کوکامیاب سیاست دان کہا جاتا ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ملک میں اقتدار کی میوزیکل چیئر چل رہی ہے،الیکشن میں جماعت اسلامی کے پر حق ڈاکہ ڈالا گیا، کراچی کی مئیرشپ پر بھی ڈاکہ ڈالا گیا ، کوئی مثال نہیں ملتی کہ الیکشن کمیشن جسے جیتا ہوا قرار دے وہ اپنی سیٹ واپس کردے ۔حافظ نعیم الرحمن نے شکوہ کیا کہ عام انتخابات میں بھی ہماری جیتی ہوئی نشستیں نہیں دی گئیں، انہوں نے کہاکہ ہم سیاست کو عبادت سمجھ کر کرتے ہیں، ن لیگ اور پیپلز پارٹی سے تو مجھے کوئی توقع نہیں۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسٹبلشمنٹ آج اپوزیشن سے بات کر لے تو یہ اس نظام کو قبول کرلیں گے، جب باجوہ صاحب کی ایکسٹینشن ہوئی تھی سب جماعتیں ایک ہو جاتی ہیں، تنخواہیں بڑھانے کیلئے سب ایک ہو جاتے ہیں۔