قومی اسمبلی کے 19 ارکان کو 13 مئی سے لے کر عدالتی فیصلے کی تاریخ تک بنیادی تنخواہیں ادا کی جائیں گی، ٹی اے ڈی اے اور دیگر الانسز نہیں ملیں گے
13مئی 2024 سے 31 دسمبر تک ڈیڑھ لاکھ تنخواہ ادا کی جائے گی‘ یکم جنوری 2025 سے عدالتی فیصلے تک اضافے کے تناسب سے بنیادی تنخواہ ملے گی
اسلام آباد(آئی این پی )مخصوص نشستوں پر بحال اراکین کی چاندی ہوگئی، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کی تمام مخصوص نشستوں پر بحال اراکین کو معطلی کے عرصے کی تنخواہیں ادا کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔رپورٹ کے مطابق پارلیمانی ذرائع نے بتایا ہے کہ ان 77 اراکین کو 13 مئی 2024 کو معطل کیا گیا تھا، معطلی کا نوٹیفکیشن ہوتے ہی ان کی تنخواہیں روک لی گئی تھیں۔قومی اسمبلی کے مجموعی طور پر 22 اراکین معطل ہوئے تھے، ان میں 19 خواتین 3 اقلیتی اراکین شامل تھے، ان میں 22 میں سے 19 کی بحالی کا نوٹیفکیشن ہوچکا ہے، تین نشستوں پر ہونا باقی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ قومی اسمبلی کے ان 19 اراکین کو 13 مئی سے لے کر عدالتی فیصلے کی تاریخ تک بنیادی تنخواہیں ادا کی جائیں گی، ان اراکین کو ٹی اے ڈی اے اور دیگر الانسز نہیں ملیں گے، تیرہ مئی 2024 سے 31 دسمبر 2024 تک ڈیڑھ لاکھ فی رکن بنیادی تنخواہ ادا کی جائے گی۔ذرائع نے مزید بتایا کہ یکم جنوری 2025 سے عدالتی فیصلے تک بڑھی ہوئی تنخواہ کے تناسب سے بنیادی تنخواہ ملے گی، اسی طرح صوبائی اسمبلی کی 55 مخصوص نشستوں کے اراکین کو بھی بنیادی تنخواہ ان کی اسمبلیوں کے ایکٹ کے مطابق ادا ہوگی۔