جو عینک صرف تنقید کی دھند دیکھتی ہے اسے کام کی روشنی نظر نہیں آتی، سیدہ تحسین کا مفتاح اسماعیل کو جواب
کراچی (آئی این پی ) ترجمان سندھ حکومت سیدہ تحسین عابدی نے کہا ہے کہ باتوں کے نہیں، عملی کام کے قائل ہیں۔سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سندھ حکومت کی ترجمان نے کہا کہ مفتاح صاحب! تعلیم کا برا حال تب تھا جب فیصلے کمرشل اشتہاروں سے ہوتے تھے، ہم نے زمین پر سکول کھڑے کیے، سندھ میں 1600 سکولوں کی مرمت، 200 سے زائد ماڈل سکولز قائم کیے، 2025 میں تعلیم کیلئے 519 ارب کا بجٹ ہے، آپ کی معلومات ادھوری ہیں۔سیدہ تحسین عابدی نے کہا کہ 14 ارب کاطعنہ وہ دے رہے ہیں جو شاید یہ نہیں جانتے رقم صرف ایک سیکٹر کیلئے تھی، سندھ حکومت نے تعلیم، صحت، پانی، انفرااسٹرکچر پر 2 ہزار ارب سے زائد خرچ کیے۔ترجمان نے کہا کہ ہم خالی تقریریں نہیں کرتے، پہلے خود بتائیں بطور وزیر کیا بہتری کی؟ ملک کی بہتری کی بات کرنے والوں سے گزارش ہے بتائیں بطور وزیر کیا بہتری کی؟انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے قانون سازی، بلدیاتی نظام، رائٹ ٹو انفارمیشن جیسے اقدامات کیے، ہم صرف تنقید نہیں کرتے، نظام چلاتے ہیں، صاف پانی کا طعنہ وہ دے رہے ہیں جو کے فور جیسے وفاقی تاخیری منصوبے پر لب کشائی نہیں کرتے۔ترجمان حکومت سندھ کا کہنا تھا کہ جو عینک صرف تنقید کی دھند دیکھتی ہے اسے کام کی روشنی نظر نہیں آتی۔