کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں کار سے ملنے والی لاش کا معمہ پولیس نے حل کرتے ہوئے اپنی ہی موت کا ڈرامہ رچانے والے مرکزی ملزم کو اس کے ساتھی سمیت گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق ملزم ذیشان نے قرض داروں سے جان چھڑانے اور قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے اپنی موت کا منصوبہ بنایا۔ اس مقصد کے لیے اس نے ایک بے گناہ شہری کو قتل کر کے لاش کو اس انداز میں چھوڑا کہ اسے اپنی لاش ظاہر کیا جا سکے۔پولیس کے مطابق کیس کی تفتیش جدید ٹیکنالوجی، بائیو میٹرک تصدیق، فرانزک اور دیگر ٹیکنیکل شواہد کی مدد سے کی گئی، جس کے نتیجے میں مقتول کی اصل شناخت سامنے آئی اور پورا منصوبہ بے نقاب ہو گیا۔ایس ایس پی ویسٹ نے بتایا کہ گرفتاری سے بچنے کے لیے مرکزی ملزم نے اپنا حلیہ بھی تبدیل کر لیا تھا، تاہم ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلی جنس کی بنیاد پر اس کا سراغ لگا کر اسے ساتھی سمیت گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے، جبکہ اس قتل اور منصوبہ بندی کے دیگر پہلوؤں کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مزید اہم انکشافات سامنے آنے کا امکان ہے۔