سنگیتا نے تیسری شادی کا راز خود ہی فاش کر دیا

سنگیتا نے تیسری شادی کا راز خود ہی فاش کر دیا

کراچی: پاکستانی فلم اور ٹی وی کی سینئر اداکارہ اور معروف ہدایت کارہ سنگیتا نے اپنی تیسری شادی کا انکشاف کرتے ہوئے سابقہ ازدواجی زندگی میں پیش آنے والے مبینہ گھریلو تشدد کے واقعات پر بھی کھل کر گفتگو کی ہے۔

سنگیتا ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’مُکھو‘ کی ہدایت کاری میں مصروف ہیں، جس میں صائمہ، معمر رانا، میرا اور لیلیٰ سمیت دیگر فنکار اداکاری کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ آنے والے ڈرامے ’بھلے شاہ‘ کی ہدایت کاری بھی کر رہی ہیں۔حال ہی میں ایک پروگرام میں شرکت کے دوران سنگیتا نے اپنی ذاتی زندگی اور شادیوں سے متعلق مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی یہ تیسری شادی ہے، جبکہ ان کی پہلی شادی ہمایوں قریشی اور دوسری نوید اکبر سے ہوئی تھی۔ہدایت کارہ کے مطابق انہوں نے تیسری شادی طارق میندرو سے کی، جو فلم انڈسٹری سے وابستہ ہیں اور ایک بڑے ڈسٹری بیوٹر ہیں۔ سنگیتا نے بتایا کہ ان کی موجودہ شادی کو 14 سال مکمل ہوچکے ہیں۔سنگیتا نے بتایا کہ بچوں کی شادیاں ہونے کے بعد وہ خود کو تنہا محسوس کرنے لگی تھیں، جس کے بعد طارق میندرو نے انہیں متعدد مرتبہ شادی کی پیشکش کی۔ ان کے مطابق انہوں نے سوچا کہ عمر کے اس حصے میں انسان کے ساتھ ایک ساتھی کا ہونا ضروری ہے۔انہوں نے اپنے موجودہ شوہر کی شخصیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان میں یہ خوبی ہے کہ وہ گالم گلوچ نہیں کرتے، خواتین پر ہاتھ نہیں اٹھاتے اور بلاوجہ لڑائی جھگڑے سے گریز کرتے ہیں۔ سنگیتا کے مطابق اگر وہ خود بھی غصے میں ہوں تو طارق بحث کرنے کے بجائے خاموشی سے کمرے سے باہر چلے جاتے ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کی موجودہ شادی اسی وجہ سے کامیابی سے چل رہی ہے کہ غصے کی حالت میں دونوں ایک دوسرے سے بحث کرنے کے بجائے خاموشی اختیار کرلیتے ہیں۔ ان کے مطابق ان کے شوہر ان سے محبت بھی کرتے ہیں۔سابقہ ازدواجی زندگی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سنگیتا نے جسمانی تشدد کو شادی میں سب سے بڑا ’ریڈ فلیگ‘ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مبینہ جسمانی تشدد ہی ان کی سابقہ شادیوں میں طلاق کی ایک بڑی وجہ بنا۔سنگیتا نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ماضی میں بہت کچھ برداشت کیا اور بعض اوقات جسم پر چوٹوں کے نشانات کے ساتھ بھی اسٹوڈیو پہنچا کرتی تھیں۔ انہوں نے ازدواجی زندگی میں تشدد کے خلاف اپنے مؤقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی رشتے میں جسمانی تشدد کو برداشت نہیں کیا جانا چاہیے۔سنگیتا کی جانب سے یہ انکشافات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب وہ فلم اور ڈرامہ سازی کے مختلف منصوبوں میں بطور ہدایت کار مصروف ہیں۔ ان کی گفتگو میں ذاتی زندگی کے تجربات کے ساتھ ساتھ ازدواجی تعلقات میں باہمی احترام، برداشت اور غصے پر قابو رکھنے کی اہمیت بھی نمایاں رہی۔