لاہور میں گھر کی تین چھتیں ایک ساتھ گرنے سے 10 افراد جاں بحق، خواتین اور بچے شامل

لاہور میں گھر کی تین چھتیں ایک ساتھ گرنے سے 10 افراد جاں بحق، خواتین اور بچے شامل

لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں بوسیدہ تین منزلہ مکان کی چھتیں گرنے سے خوفناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں اب تک 10 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ریسکیو ٹیموں کا ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کے لیے آپریشن تاحال جاری ہے۔

حادثہ کوٹلی پیر عبدالرحمان، بھٹہ محمد دین کالونی میں پیش آیا، جہاں رات تقریباً 10 بج کر 15 منٹ پر تین منزلہ خستہ حال مکان کی چھتیں یکے بعد دیگرے منہدم ہوگئیں اور پوری عمارت زمین بوس ہوگئی۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے وقت مکان میں تین خاندان رہائش پذیر تھے، جن میں خواتین، بچے، بزرگ اور دیگر افراد شامل تھے۔ امدادی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے کئی افراد کو ملبے سے نکالا، تاہم متعدد افراد جانبر نہ ہو سکے۔متاثرہ خاندان کے رشتہ داروں کے مطابق اب تک 10 لاشیں اسپتال منتقل کی جا چکی ہیں جبکہ پانچ زخمی افراد میں سے دو اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ایک بچے سمیت مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دو افراد کی تلاش تاحال جاری ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ کے مطابق ملبے کے نیچے مزید 6 سے 7 افراد کے موجود ہونے کا امکان ہے۔اہل علاقہ کے مطابق حادثے کے وقت مکان میں سالگرہ کی تقریب جاری تھی۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ عمارت کی تیسری منزل کی چھت کو مضبوط بنانے کے لیے چند روز قبل مٹی ڈالی گئی تھی، تاہم بارش کے پانی کے باعث وزن بڑھنے سے چھت گر گئی۔

کچھ شہریوں نے ریسکیو آپریشن کی رفتار پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پر اہل محلہ نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے سے چار افراد کو زندہ نکالا، تاہم بعد میں ریسکیو اداروں نے آپریشن سنبھال لیا۔ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھاری مشینری کے ذریعے ملبہ ہٹا رہی ہیں جبکہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی موقع پر موجود ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔کمشنر لاہور نے جائے وقوعہ اور سروسز اسپتال کا دورہ کرکے امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔ انتظامیہ کے مطابق مکان گرنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔