خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشیں، چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات، بچی جاں بحق، متعدد علاقے متاثر

خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشیں، چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات، بچی جاں بحق، متعدد علاقے متاثر

خیبرپختونخوا میں گزشتہ رات سے جاری شدید بارشوں نے ایک بار پھر معمولاتِ زندگی درہم برہم کر دیے۔

 مختلف حادثات میں ایک کمسن بچی جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا، کئی علاقوں میں پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا۔پشاور کے نحقی چارسدہ روڈ پر گھر کی چھت گرنے سے ایک بچی ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئی۔ ریسکیو 1122 کے مطابق اطلاع ملتے ہی اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر بچی کو نکالا اور اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔اسی طرح پشاور کے علاقے فقیر کلے ورسک روڈ پر کمرے کی دیوار گرنے سے 30 سالہ محمد طفیل زخمی ہوگیا، جسے ریسکیو ٹیم نے ابتدائی طبی امداد کے بعد لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کر دیا۔طوفانی بارش سے خیبر کے علاقے باڑہ اور جمرود سمیت گردونواح میں بھی گھروں اور مارکیٹوں میں پانی داخل ہو گیا۔

ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے ہیوی مشینری اور ڈی واٹرنگ پمپس کے ذریعے غزیز مارکیٹ سمیت متاثرہ مقامات پر نکاسیِ آب شروع کر دی ہے۔دیر لوئر اور ٹانک میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ دیر میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم ٹانک اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے باعث نقصان کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ادھر ملاکنڈ میں سوات ایکسپریس وے پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک دوسرے روز بھی معطل رہا، جس کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ حکام نے شہریوں کو متبادل راستے کے طور پر جی ٹی روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔