لاہور میں گزشتہ رات ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے کے دردناک واقعات پیش آئے جن میں 9 افراد جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہو گئے۔ متاثرین میں خواتین، بچے اور بزرگ شامل ہیں۔
رائیونڈ میں دو الگ الگ واقعات:
تفصیلات کے مطابق رائیونڈ کے علاقے کوٹ جمال اور مشن کالونی میں شدید بارش کے دوران کمزور چھتیں گر گئیں۔چھتیں بانس، لکڑی، مٹی اور سرکہ سے بنی ہوئی تھیں جو طوفانی بارش کا دباؤ برداشت نہ کر سکیں۔
مشن کالونی حادثہ:
مشن کالونی میں تین افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے، جبکہ ایک نوجوان کو زندہ نکال لیا گیا۔
جاں بحق افراد کی شناخت درج ذیل ہے:
70 سالہ نسرین (خاتون)
08 سالہ میرب (بچی)
80 سالہ بشیر (مرد)
ملبے سے 21 سالہ فرید کو زخمی حالت میں نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا۔
کوٹ جمال پورہ واقعہ:
کوٹ جمال پورہ میں ایک شخص جاں بحق ہوا، جبکہ تین افراد کو زندہ نکال لیا گیا۔تمام زخمیوں اور لاشوں کو ٹی ایچ کیو اسپتال رائیونڈ منتقل کیا گیا۔
ریسکیو اور امدادی کارروائیاں:
ریسکیو 1122 اور مقامی افراد نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ رات بھر جاری رہنے والے آپریشن میں ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے مشینری بھی استعمال کی گئی۔
حکومت اور انتظامیہ پر سوالات:
ان واقعات نے ایک بار پھر شہر میں خستہ حال اور کچی تعمیرات کی نشاندہی کر دی ہے، جہاں بارش کے دوران ہر سال جان لیوا حادثات ہوتے ہیں۔عوامی حلقوں نے بلدیاتی اداروں اور ضلعی انتظامیہ سے متاثرہ علاقوں میں عمارتوں کی حفاظتی جانچ اور امدادی پیکج فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔