کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے گوگدان اور ڈنک کے درمیان سڑک پر ایک نصب شدہ بم برآمد ہوا، جس کے بعد سڑک بند کر دی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ ممکنہ طور پر ایک آئی ای ڈی تھا جو سڑک کے کنارے نصب کیا گیا تھا اور اس کی بروقت برآمدگی سے ایک بڑے دھماکے کو روک لیا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کے اہلکار موقع پر پہنچے اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو فوری طور پر طلب کیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ بم کی تلاشی اور ناکارہ بنانے کے لیے بی ڈی ایس ٹیم کام کر رہی ہے جبکہ پورا علاقہ خالی کروا دیا گیا۔ خوش قسمتی سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ مسافروں کی سہولت کے لیے متبادل راستے بھی کھول دیے گئے ہیں اور ٹریفک کو ان راستوں سے ڈائریکٹ کیا جا رہا ہے۔تربت پولیس اسٹیشن کے ایک ذمہ دار نے بتایا کہ یہ اقدام عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا اور بم ناکارہ بنانے کے بعد صورتحال پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا جائے گا۔ سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے تاکہ ممکنہ ملزمان کی نشاندہی اور گرفتاری ممکن ہو سکے۔
واضح رہے کہ تربت اور آس پاس کے علاقے، خاص طور پر گوگدان اور ڈنک، بلوچستان کے حساس ترین زونز میں شمار ہوتے ہیں، جہاں ماضی میں متعدد دہشت گردی کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔ اس سال جنوری میں تربت کے جوساک علاقے میں بم دھماکے میں ایک شخص ہلاک ہوا جبکہ فروری میں گوگدان کے قریب ایک حملے میں متعدد مزدور مارے گئے۔حال ہی میں بلوچستان میں دہشت گردی کی وارداتیں بڑھ گئی ہیں، جن میں سے کئی کی ذمہ داری کلعدم تنظیم بی ایل اے جیسے گروہوں نے قبول کی ہے۔ صوبائی حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور سیکیورٹی فورسز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشکوک اشیاء کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں تاکہ مزید واقعات روکے جا سکیں۔