بنوں میں اغوا کیے گئے ایف سی کے دو اہلکار شہید، لاشیں برآمد

بنوں میں اغوا کیے گئے ایف سی کے دو اہلکار شہید، لاشیں برآمد

پشاور: بنوں میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں اغوا کیے گئے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے دو اہلکار شہید ہوگئے، جن کے جسد خاکی تلگئی کے علاقے سے برآمد کرلیے گئے۔

پولیس کے مطابق دونوں اہلکاروں کو گزشتہ روز سیفن کوزی خیل، کرم گڑھی کے علاقے سے نامعلوم افراد نے اغوا کیا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں نے مغوی اہلکاروں کی تلاش شروع کردی تھی۔پولیس کے مطابق برآمد ہونے والے دونوں جسد خاکی کو تحویل میں لے لیا گیا ہے اور قانونی کارروائی مکمل کرنے کے لیے خلیفہ گل نواز ٹیچنگ اسپتال بنوں منتقل کردیا گیا، جہاں ان کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔حکام کے مطابق شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت حوالدار اسحاق اور سپاہی عمر حیات کے ناموں سے ہوئی ہے۔ دونوں اہلکاروں کو گزشتہ روز ڈیوٹی کے دوران اغوا کیا گیا تھا۔

واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ اور تفتیشی کارروائی شروع کردی ہے، جبکہ اہلکاروں کے اغوا اور قتل کے محرکات جاننے کے لیے بھی تحقیقات جاری ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے۔ واقعے سے متعلق مزید معلومات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔