عمان: اردن کی مسلح افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فضائی دفاعی فورسز نے ایران سے داغے گئے پانچ میزائل کامیابی سے فضا میں تباہ کر دیے، جو اردن کی فضائی حدود کی جانب آ رہے تھے۔
اردنی فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جمعرات کی علی الصبح فضائی دفاعی نظام نے ایران سے آنے والے پانچ میزائلوں کا بروقت سراغ لگایا اور پہلے سے طے شدہ دفاعی حکمت عملی کے تحت انہیں فضا ہی میں مار گرایا۔فوج کے سرکاری ترجمان نے کہا کہ تمام میزائل کامیابی سے تباہ کر دیے گئے، جس کے باعث کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اردن کی مسلح افواج ملک کی فضائی حدود، شہریوں اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر وقت مکمل طور پر تیار ہیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے کا مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔اردنی حکام نے میزائل حملوں کی مزید تکنیکی تفصیلات یا ان کے ممکنہ اہداف کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کیں۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور خطے کے متعدد ممالک اپنی فضائی و دفاعی تیاریوں کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔
دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر خطے میں میزائل حملوں اور جوابی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہا تو اس کے اثرات مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی سلامتی اور استحکام پر مرتب ہو سکتے ہیں۔