الیکشن کمیشن الیکشن ایجنٹ کا کردار ادا کرتا رہا، آپ نے تو دھاندلی کی نئی مثال قائم کردی ،پی پی پی رہنما
لاہور(آئی این پی ) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر الیکشن میں ہمارے ساتھ دھاندلی کی گئی، ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑائی جاتی رہیں، الیکشن کمیشن وہاں پر الیکشن ایجنٹ کا کردار ادا کرتا رہا، آپ نے تو دھاندلی کی نئی مثال قائم کردی ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا نام لیے بغیر حسن مرتضی کا کہنا تھا آپ کے والد کشمیر میں جا کر کہہ رہے ہیں مجھے وزیراعظم بنا دیا جائے، آج اگر آپ کشمیر جاکر وزیراعظم کا مطالبہ کرتے ہیں تو یہ پیپلزپارٹی کی بدولت ہے۔ ان کا کہنا تھا ہم نواز شریف کی بہت عزت اور قدر کرتے ہیں، اگر کوئی نواز شریف کی قدر کم کرتا ہے تو ہم اس کو کم عقل کہتے ہیں، نواز شریف آپ سے کشمیر کی وزرات عظمی مانگ رہے ہیں، آپ نواز شریف کو لاہور کے ایک ادارے کا چیئرمین بنا رہے ہیں، نواز شریف کی قدر ہم نے نہیں آپ نے کم کی ہے۔