بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان کا جی ایچ کیو کا دورہ ‘ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات‘موجودہ عسکری تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ

فیلڈ مارشل اور کمانڈررائل سعودی فورسز کی ملاقات مضبوط دفاعی تعاون پر اظہار اطمینان  انٹیلی جنس  تبادلوں میں مسلسل تعاون کافیصلہ
کمانڈر رائل سعودی لینڈ فورسز لیفٹیننٹ جنرل فہد بن سعود الجوہانی کا جی ایچ کیو کا دورہ ‘  گارڈ آف آنر پیش کیا گیا‘فیلڈ مارشل سے ملاقات  باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سلامتی، دو طرفہ دفاعی تعاون بڑھانے پر گفتگو 
راولپنڈی (آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک )کمانڈر رائل سعودی لینڈ فورسز لیفٹیننٹ جنرل فہد بن سعود الجوہانی نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو پہنچنے پر معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔جی ایچ کیو میں کمانڈر رائل سعودی لینڈ فورسز نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سلامتی، دو طرفہ دفاعی تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔فریقین نے پاک سعودی مسلح افواج کے دیرینہ و برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔فیلڈ مارشل نے دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط دفاعی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تربیت، استعدادِ کار میں اضافے اور انٹیلیجنس تبادلے میں مسلسل تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔دریں اثناء  بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ تعاون پر بات چیت کی گئی، فریقین نے موجودہ عسکری تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔مہمان جنرل نے علاقائی سلامتی اور استحکام کیلئے پاک فوج کے کردار کو سراہا، فیلڈ مارشل نے پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اْجاگر کیا۔دوسری جانب ترجمان پاک فوج نے مزید بتایا کہ فیلڈ مارشل نے تمام شعبوں میں بحرین کیلئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا  بھی اظہار کیا۔