نئے سال میں پاکستان کے ترقی کے سفر کا آغاز کررہے ہیں، یہ سفر اڑان پاکستان کا سفر ہے
ہم نے پاکستان کو نئی بلندیوں پر پہنچانا اور مسائل سے نجات دلانا ہے :تقریب سے خطاب
اسلام آباد (بیورو رپورٹ‘ایجنسیاں )وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی احسن اقبال نے کہا ہے پائیدار امن اور ترقی کا عمل پالیسیوں کے تسلسل اور اصلاحات سے منسلک ہے، ہمیں خوشحالی کی منزل حاصل کرنے کیلئے وقت ضائع کئے بغیرآگے بڑھنا ہوگا،نئے سال میں ہم پاکستان کے ترقی کے سفر کا آغاز کررہے ہیں، یہ سفر اڑان پاکستان کا سفر ہے، ہم نے پاکستان کو نئی بلندیوں پر پہنچانا اور مسائل سے نجات دلانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کویہاں ساتویں زراعت شماری کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بہت تجربات ہوچکے ہمیں خوشحالی کی منزل حاصل کرنے کیلئے وقت ضائع کئے بغیرآگے بڑھنا ہوگا، قدرت نے پاکستان کوانتہائی قیمتی وسائل سے نوازا ہے ، ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سبق حاصل کرتے ہوئے اجتماعی کاوشوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی میں کئی مواقع ضائع کئے ہیں ، پاکستان اوردیگرکامیاب ممالک میں فرق یہ تھا کہ ان ملکوں نے امن و استحکام،پالیسیوں کے تسلسل کے ساتھ اوراصلاحات کے راستے پر گامزن ہوکراپنے ممالک کی قسمت کو بدل دیا