وقف بورڈ کی نیلامی، پلاٹس کرایہ داران کے حوالے

لاہور(خصوصی رپورٹ) متروکہ وقف املاک بورڈ کے ملکیتی کروڑوں روپے مالیت کے قیمتی پلاٹس محکمہ کے کرایہ داران کے حوالے کر دیے گئے۔ یہ اہم پیش رفت سیکرٹری بورڈ فرید اقبال کی خصوصی ہدایات اور فعال کردار کے باعث ممکن ہوئی، اس حوالے سے گزشتہ روز ملتان میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں پلاٹس کی حوالگی مکمل کرائی۔ ماڈ ل ٹاؤن ملتان میں واقع محکمہ کے قیمتی پلاٹس کی نیلامی 2023 میں ہوئی جس سے متروکہ وقف املاک بورڈ کو خاطر خواہ ریونیو حاصل ہواتاہم ان کا قبضہ ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے پاس تھا ۔ کرایہ داران کی درخواستوں کے بعد سیکرٹری بورڈ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایم ڈی اے حکام سے باضابطہ رابطہ کیا اور محکمانہ کاوشوں سے پلاٹس کا قبضہ حاصل کر کے انہیں ان کے جائز حق داروں کے حوالے کر دیا۔ اس موقع پر متروکہ وقف املاک بورڈ ملتان آفس میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری فرید اقبال نے کہا کہ بورڈ ٹرسٹ جائیدادوں کے تحفظ، شفاف نیلامی اور کرایہ داران کو ان کے جائز حقوق کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے۔ تمام متنازعہ املاک کی واگزاری بورڈ کی ترجیح ہے اور ایسے تمام کیسز میں بلا تاخیر کارروائی کی جائے گی۔