لاہور(کرائم رپورٹر)سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی ہدایت پر کرایہ داری ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے لاہور پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال اب تک کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 5600 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ شہر کے مختلف تھانوں میں 651 مقدمات کا اندراج بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ اقبال ٹاؤن ڈویڑن میں کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر سب سے زیادہ 2132 ملزمان گرفتار کیے گئے، جبکہ صدر ڈویڑن میں 1555 اور سٹی ڈویڑن میں 1040 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔اس حوالیسے سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ اور ریکارڈ یافتہ افراد کی شناخت کے لیے کرایہ داری رجسٹریشن ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر رجسٹرڈ کرایہ داروں کی آڑ میں جرائم پیشہ عناصر پناہ لے سکتے ہیں، لہٰذا شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے سکیورٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی یا مشکوک افراد کو کرائے پر جگہ فراہم کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سی سی پی او لاہور نے مکان مالکان، کرایہ داروں اور پراپرٹی ڈیلرز کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر کرایہ داری ایکٹ پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور کرایہ داروں کی مکمل رجسٹریشن کروائیں تاکہ جرائم کے سدباب میں پولیس کی معاونت ممکن ہو سکے۔