دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے ایس پی یو کی فرضی مشق

 ایمرجنسی ردعمل، سرچ آپریشن اور زخمیوں کی منتقلی کے مراحل مکمل
لاہور (کرائم رپورٹر) اہم تنصیبات کی حفاظت کیلئے ایس پی یو پنجاب پولیس کی پیشہ ورانہ مشقیں جاری ہیں۔ ترجمان پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے احکامات اور ڈی آئی جی غازی صلاح الدین کی ہدایت پر ایس پی یو کی جانب سے صوبہ بھر میں موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔ موک ایکسرسائز کے دوران فرضی دہشت گردی کے واقعات تخلیق کیے گئے۔ ایس پی یو پنجاب پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بروقت ردعمل کا مظاہرہ کیا۔ ایمرجنسی رسپانس، سرچ آپریشن، اور زخمیوں کی بروقت منتقلی جیسے مراحل کو عملی صورت میں انجام دے کر سکیورٹی پروٹوکول کی جانچ کی گئی۔ ڈی آئی جی غازی صلاح الدین کے مطابق موک ایکسرسائز جیسی مشقیں سکیورٹی اہلکاروں کی پیشہ ورانہ تربیت میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ ایسی مشقیں کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے اہلکاروں کی تیاری کو یقینی بناتی ہیں۔ ایس پی یو ہر لمحہ الرٹ ہے اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔