ملک دشمنوں کے گرد گھیرا تنگ بنوں میں آپریشن‘24دہشت گرد ہلاک اداروں کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں:آصف زرداری
پولیس پر حملوں اور گاڑی میں نصب بم دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے وسیع پیمانے پر انٹیلی جنس بیسڈ مشترکہ آپریشنز شروع کردیئے‘ہلاک خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد، متعدد کارروائیوں ‘ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے
پاکستان کے بہادر جوان اپنی جرات، قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے انسانیت کے دشمنوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں‘ سکیورٹی فورسز کی قربانیاں پوری قوم کے لئے باعث فخر ہیں:بلاول بھٹو
راولپنڈی ‘اسلام آباد(آئی این پی‘آن لائن)سیکیورٹی فورسز نے بنوں اور ملحقہ علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 24 خوارج ہلاک کردیئے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بنوں ضلع میں حالیہ دہشت گرد کارروائیوں، پولیس پر حملوں اور گاڑی میں نصب خودکش بم دھماکے کے تناظر میں سیکیورٹی فورسز نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر وسیع پیمانے پر انٹیلی جنس بیسڈ مشترکہ آپریشنز شروع کیے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بنوں اور ملحقہ علاقوں میں شدید فائرنگ کے تبادلوں کے بعد بھارتی پراکسی "فتنہ الخوارج" سے تعلق رکھنے والے 24 خوارج ہلاک کر دیے گئے، ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے، یہ دہشت گرد متعدد کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔بیان کے مطابق علاقے میں آپریشنز جاری رہیں گے اور ان گھنانے اور بزدلانہ حملوں کے ذمہ داروں اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت عزمِ استحکام کے وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی ‘آئی ایس پی آر نے کہا کہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بنوں اور ملحقہ علاقوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر اقدامات قومی سلامتی کے تحفظ اور امن کے قیام کے لیے اہم ہیں۔ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے 24 دہشت گردوں کو ہلاک کرنا سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور قربانیوں کا واضح ثبوت ہے۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں منطقی انجام تک پہنچائی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ معصوم شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔صدر مملکت نے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم امن و استحکام کے لیے ان اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ضلع بنوں میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کے دوران 24 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کے بہادر جوان اپنی جرات، قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے انسانیت کے دشمنوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے خواب دیکھنے والے عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔