پولیس لائنز : ڈسٹرکٹ ہسپتال میں آگ سے بچاؤ کے لیے فرضی مشق

لاہور(کرائم رپورٹر)ایس پی ہیڈ کوارٹرز منزہ کرامت کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ لاہور میں قائم ڈسٹرکٹ ہسپتال میں آگ سے بچاؤ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فرضی مشق (فائر سیفٹی ڈرل) کا انعقاد کیا گیا۔مشق کے دوران ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر عملے کو آگ لگنے کی صورت میں فوری ردعمل، اپنی حفاظت اور مریضوں کے انخلاء￿  سے متعلق عملی تربیت فراہم کی گئی۔ شرکاء￿  کو آگ پر قابو پانے کے طریقہ کار اور احتیاطی تدابیر سے بھی آگاہ کیا گیا۔اہلکاروں نے بتایا کہ اہم حفاظتی اقدامات میں فائر الارم فوری بجانا، ایمرجنسی اخراج کے راستے کھلے رکھنا اور آگ کی نوعیت کے مطابق درست فائر ایکسٹنگوئشر (سلنڈر) کا استعمال شامل ہے۔ آگ بجھاتے وقت سلنڈر کی نوزل کو شعلوں کے بجائے آگ کی بنیاد پر نشانہ بنانے، ہینڈل کو مضبوطی سے دبانے اور نوزل کو دائیں بائیں حرکت دے کر آگ کے پھیلاؤ کو کور کرنے کی ہدایات دی گئیں۔ایس پی ہیڈ کوارٹرز منزہ کرامت نے ہدایت کی کہ آگ لگنے کی صورت میں فوری طور پر فائر الارم بجایا جائے اور فائر بریگیڈ کو اطلاع دی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ بجلی سے لگنے والی آگ پر ہرگز پانی استعمال نہ کیا جائے بلکہ اس کے لیے CO2 یا پاؤڈر والے سلنڈر استعمال کیے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آگ بجھانے والے آلات اور سلنڈرز کی باقاعدگی سے جانچ پڑتال انتہائی ضروری ہے اور تمام عملے کو حفاظتی تدابیر ذہن نشین رکھنی چاہئیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔