گاڑیوں ، موٹرسائیکلوں کی رجسٹریشن میں تبدیلی کافیصلہ

 سکیورٹی اور ٹریکنگ سسٹم کو موثر بنانے کیلئے رجسٹریشن مالکان نے نام ہوگی 
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب میں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی رجسٹریشن سے متعلق نظام میں بنیادی تبدیلی کا فیصلہ کر لیا گیا۔ اب گاڑی کو نہیں، بلکہ مالک کے نام پر نمبر جاری کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق ایکسائز حکام کے مطابق نئے نظام کے تحت جتنی بھی گاڑیاں یا موٹرسائیکلیں رجسٹرڈ ہوں گی، وہ مالکان کے نام پر رجسٹرڈ ہوں گی۔ اس کا مقصد سکیورٹی اور ٹریکنگ سسٹم کو موٓثر بنانا ہے۔گاڑی کی فروخت یا ٹرانسفر کی صورت میں نمبر پلیٹ اتار کر پرانا مالک اپنے پاس رکھے گا۔ نیا خریدار یا تو نیا نمبر حاصل کرے گا یا پھر اپنے پہلے سے موجود نمبر کو استعمال کر سکے گا۔اس تبدیلی سے چوری، جعلی نمبر پلیٹس اور جرائم میں استعمال کی جانے والی گاڑیوں کا سراغ لگانا آسان ہوگا۔ ہر نمبر پلیٹ ایک خاص شناخت بن جائے گی، جو فرد سے منسلک ہوگی نہ کہ صرف گاڑی سے۔نئے نظام کے تحت نمبر پلیٹس کو کیٹگریز کے مطابق مخصوص گاڑی یا موٹرسائیکل پر آویزاں کیا جا سکے گا۔ پرانی نمبر پلیٹس نئی گاڑیوں پر لگانے کی صورت میں 500 سے 8000 روپے تک فیس لاگو ہوگی۔نمبر پلیٹ ہولڈرز اپنی مرضی سے پرانا نمبر سرنڈر کر کے نیا نمبر خریدنے کے بھی مجاز ہوں گے۔ قوانین میں ترامیم مکمل کر کے سمری حکومت کو ارسال کر دی گئی ہے۔ایکسائز حکام کے مطابق اگلے ماہ کے پہلے ہفتے سے اس نئے نظام پر باضابطہ عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔