پنجاب میں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی رجسٹریشن میں 25 فیصد اضافہ

لاہور (سپیشل رپورٹر) پنجاب میں رواں سال گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی رجسٹریشن میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق پچھلے سال 10 لاکھ 8 ہزار گاڑیاں و موٹرسائیکلیں رجسٹرڈ ہوئیں، جبکہ رواں سال یہ تعداد بڑھ کر 13 لاکھ 83 ہزار ہو گئی، جو کہ پونے چار لاکھ اضافی رجسٹریشن کے برابر ہے۔محکمہ ایکسائز کے مطابق رجسٹرڈ گاڑیوں و موٹرسائیکلوں کی مجموعی تعداد 2 کروڑ 60 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس میں موٹرسائیکلیں سوا 12 لاکھ، جو گزشتہ سال کی نسبت 3 لاکھ زائد ہیں، جبکہ کاروں کی رجسٹریشن 1 لاکھ 8 ہزار رہی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 31 ہزار زائد ہے۔مزید برآں، رکشے ساڑھے 12 ہزار، پک اپ وین 4 ہزار، ٹریکٹر 21 ہزار، ڈبل کیبن وین 2 ہزار 100، بسز 1 ہزار 933 اور ٹرک 1 ہزار 400 رجسٹرڈ ہوئے۔ رجسٹریشن کی بڑھتی ہوئی تعداد کے نتیجے میں محکمہ ایکسائز نے گزشتہ سال کی نسبت تقریباً 2 ارب روپے اضافی ریونیو وصول کیا ہے۔