روس کے مشرقی ساحل پر شدید زلزلہ، سونامی وارننگ جاری

روس کے مشرقی ساحل پر شدید زلزلہ، سونامی وارننگ جاری

ویب ڈیسک: روس کے مشرقی ساحل کے قریب 8.8 شدت کے شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس کے بعد سونامی وارننگ جاری کردی گئی۔

بین الاقوامی زلزلہ مانیٹرنگ سینٹرز کے مطابق زلزلے کے بعد کامچٹکا میں 3 سے 4 میٹر اونچی سونامی لہریں ریکارڈ کی گئیں جبکہ بحرالکاہل میں سونامی ایڈوائزری بھی جاری کی گئی ہے۔ جاپان اور فلپائن میں ایمرجنسی وارننگ جاری کرتے ہوئے ساحلی علاقوں کو خالی کرانے کے احکامات دیے گئے۔زلزلے کے اثرات دور دراز علاقوں تک پہنچے اور کیلیفورنیا، واشنگٹن اور اوریگن کے ساحلی علاقوں کیلئے بھی سونامی الرٹ جاری کر دیا گیا۔ روسی حکام کے مطابق سونامی کی لہریں روسی ساحل سے ٹکرا گئیں جس سے نشیبی علاقوں کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔

جاپان میں صورتحال:
مشرقی جاپان میں ریلوے سروس معطل کر دی گئی جبکہ ہوکیڈو شہر میں بھی سونامی کی لہریں دیکھی گئیں۔ عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ماضی کے زلزلے:
یاد رہے کہ 20 جولائی کو بھی روس میں 5.0 اور 6.7 شدت کے زلزلے آئے تھے جن پر سونامی کا الرٹ جاری نہیں کیا گیا تھا۔ تاہم بعد ازاں 7.4 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) نے خبردار کیا تھا کہ کچھ ساحلی علاقوں میں خطرناک سونامی لہریں آسکتی ہیں۔

USGS کی رپورٹ:
ادارے نے بتایا تھا کہ روسی ساحلوں پر 30 سینٹی میٹر سے 1 میٹر (تقریباً 3.3 فٹ) تک اونچی لہروں کا خدشہ ہے، جبکہ جاپان اور امریکی ریاست ہوائی میں 30 سینٹی میٹر (1 فٹ) سے کم لہروں کی پیش گوئی کی گئی تھی۔زلزلے کا مرکز بحرالکاہل میں پیٹروپاولووسک کامچاتسکی شہر سے تقریباً 150 کلومیٹر (93 میل) مشرق میں واقع تھا۔