امریکہ:مسافر طیارہ فوجی ہیلی کاپٹر سے ٹکرا کر دریا میں جاگرا‘30افراد جاں بحق

طیارے میں 64 افراد سوار تھے، حادثے کے بعد واشنگٹن ڈی سی کے رونالڈ ریگن نیشنل ایئرپورٹ پر آپریشن معطل کردیا گیا: حکام

واشنگٹن(آن لائن)امریکہ میں مسافر طیارہ فوجی ہیلی کاپٹر سے تصادم کے بعد دریا میں گر کر تباہ ہوگیا اور اب تک 30 لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ ریگن نیشنل ایئرپورٹ کے قریب پیش آیا جہاں آرمی بلیک ہاک سے تصادم کے بعد طیارہ دریائے پوٹومیک میں گر کر تباہ ہوا۔رپورٹ کے مطابق حادثے کے شکار امریکن ایئرلائنز کے جیٹ طیارے میں 64 افراد سوار تھے۔ دریا میں سے اب تک 30 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔وفاقی حکام کے مطابق طیارہ بدھ کی شام آرمی کے بلیک ہاک ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا، حادثے کے بعد واشنگٹن ڈی سی کے رونالڈ ریگن نیشنل ایئرپورٹ کے اندر اور باہر پروازیں روک دی گئیں۔حکام نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر میں عملے سمیت 3 افراد سوار تھے اور اس میں کوئی اعلیٰ فوجی اہلکار نہیں تھا، فوری طور پر عملے کی حالت کے حوالے سے کوئی تصدیق نہیں ہو سکی۔